اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم شہباز شریف نے چمن میں افغان بارڈر فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری کی مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت سے اس بات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے کہ دوبارہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔وزیر اعظم کے آفیشل ٹوئٹر اکا ﺅنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چمن پر افغان بارڈر فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری شہید اور ایک درجن سے زائد افراد کا زخمی ہونا افسوسناک اور شدید قابلِ مذمت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغان عبوری حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔قبل ازیں دفتر خارجہ نے چمن میں افغان فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے افسوسناک واقعات دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان حکام کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما ہونے سے روکا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جانی چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ سرحد پر شہریوں کی حفاظت کرنا دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے، دونوں ممالک کے متعلقہ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے رابطے میں ہیں کہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔