کراچی(نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مفتاح نے صحیح کام کیا ،وزیر اعظم اور پارٹی قیادت نے اسحاق ڈار کو ذمہ داری دی، نئے صوبے بنانے کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا اتفاق ہونا چاہیے۔کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز کے میٹ دی ایڈیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسحاق ڈار کے آنے اور مفتاح اسماعیل کے جانےکا فیصلہ وزیراعظم کا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ بلدیاتی نظام کا براہ راست تعلق عوام سے ہوتا ہے، بلدیاتی نمائندوں کے پاس اختیارات ہونے چاہئیں، عموماً بلدیاتی اختیارات ارکان قومی و صوبائی اسمبلی استعمال کرتے ہیں، پرویز مشرف نے بلدیاتی نمائندوں کو بہت زیادہ اختیارات دیے جو تجربہ کامیاب نہیں رہا، اختیارات کو منتقل کرنا چاہیے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا اتفاق ہونا چاہیے، ہمارا نظام حکومت اس طریقے سے نہیں چل رہا، ہمیں انتظامی نظام کو تبدیل کرنا ہوگا، وفاقی افسران کا تحصیل میں کیا کام ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے ملک کو کسی ایک ادارے نے نقصان پہنچایا ہے تو وہ نیب ہے،کوئی افسر اس صورتحال میں کام کرنےکو تیار نہیں ہے، بتائیں نیب نے کون سا احتساب کیا ہے، نیب نے صرف نواز شریف کو سزا دلائی ہے، ججوں کو بلیک میل کر کے فیصلے کروائے گئے ہیں۔