اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز لندن میں 4 سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔ان کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے ،3 روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا اور انہیں 13 دسمبر کو عدالت میں سرنڈر کرنے کا حکم دےدیا تھا۔سلیمان شہباز 2018 سے لندن میں اپنی فیملی کے ساتھ رہائش پذیر تھے جب عام انتخابات سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے ان کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے تھے۔ پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر سلیمان شہباز کے گھر واپس آنے اور اپنے والد سے گلے ملنے کی ویڈیو شیئر کی گئی، ویڈیو میں وزیر اعظم شہباز شریف کو سلیمان شہباز کو ہار پہناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پارٹی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’اللہ اکبر، الحمدللہ، سلیمان شریف واپس آگئے ہیں۔ٹرائل کورٹ نے رواں سال جولائی میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز اور ایک اور ملزم کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ایف آئی اے نے دسمبر 2021 میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شوگر اسکینڈل کیس میں 16 ارب روپے کی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر خصوصی عدالت میں چالان جمع کرایا تھا۔