کراچی(نمائندہ خصوصی)
سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے عملے نے کراچی میں ایک خاتون سمیت 4 ملزمان کو شہریوں کو اغوا کرنے اور ان سے بھتہ لینے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے شعبہ تفتیش کے انچارج چوہدری غلام صفدر کے مطابق گرفتار ملزمان میں سجاد خان، محمد ارباز، سلمان اور ایک خاتون شنو شامل ہیں۔غلام صفدر کے مطابق گرفتار ملزمہ شنو مختلف لوگوں کو فون کر کے ان سے دوستی کرتی تھی اور پھر منصوبہ بندی کے تحت انہیں ملنے کے لیے مخصوص مقامات پر بلوا لیتی تھی۔ان مقامات پر اس کے دیگر ساتھی ملزمان سی ٹی ڈی کے اہلکار بن کر چھاپہ مار کارروائی کرتے اور دونوں کو حراست میں لے کر اغوا کر لیتے تھے، ملزمان اس دوران دکھاوے کے طور پر لڑکی اور اس کے دوست کو بلیک میل کرتے تھے، اصل مقصد مرد کو بلیک میل کر کے بھاری رقوم اینٹھنا ہوتا تھا۔غلام صفدر کے مطابق ملزمان نے حال ہی میں شمائل نامی نوجوان کو اغوا کیا اور اسے رہا کرنے کے عوض 2 لاکھ روپے وصول کیے، جب کہ ملزمان اس سے طے شدہ مزید 7 لاکھ روپے وصول کرنے کے لیے الفلاح کے علاقے میں پہنچے تو سی ٹی ڈی کی پولیس پارٹی نے گرفتار کرلیا۔واقعے کا مقدمہ الفلاح تھانے میں درج کرایا گیا ہے.سی ٹی ڈی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی بلیک میلنگ میں نہ آئیں اور فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں