لاہور(بیورو رپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف نے رانا ثنااللہ کی منشیات اسمگلنگ مقدمے میں بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے بے گناہ رانا ثنا اللہ کو انصاف دیا،اللہ اور اس کے رسول کی قسمیں کھانے والے جھوٹوں کو اللہ تعالی سے توبہ کرنی چاہیے ۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے ،بہادر رانا ثنا اللہ نے بدترین سیاسی انتقام کے باوجود شکایت کا کبھی ایک لفظ نہیں کہا،وقت کے منصف نے سچ جھوٹ، کھرے کھوٹے، بے گناہ اور گناہگاروں میں واضح لکیر کھینچ دی ہے ،بدترین سیاسی انتقام کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر رانا ثنااللہ سمیت پارٹی اور سیاسی جماعتوں کے دیگر قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف جھوٹا کیس بننا اور عدالت سے ان کا بری ہونا عوام کے لئے بھی مثال ہے کہ سابق حکومت نے کس طرح جھوٹ پر جھوٹ بولا اور بے بنیاد مقدمے بنائے۔