لاہور(نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سمت درست ہے ،اپوزیشن کے کہنے سے پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا،جس رفتار سے ہم پہلے چل رہے تھے ہمیں جی 20کا حصہ ہونا چاہیے تھا، سابقہ دور معیشت کے حوالے سے سیاہ ترین دور تھا ، معیشت پر اور تجربے نہیں کر سکتے ،اپوزیشن اپنی سیاست کے لئے غیر سنجیدہ بیانات دے رہی ہے جس سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوںنے اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق، علی پرویز ملک، سلمان اکرم راجہ سمیت سیاسی و کاروباری شخصیات سمیت دیگر شریک تھے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اپوزیشن دنیا کو فرضی کرپشن کے قصے سنا کر پاکستان میں سرمایہ کاری کے راستے بند کر رہی ہے ،مالی انتظام بہتر کرنے کی پاداش میں 5 سال جلا وطنی گزاری ،میرے ساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک کیا گیا،جس رفتار سے ہم پہلے چل رہے تھے ہمیں جی 20 کا حصہ ہونا چاہیے تھا،آج ہماری معیشت 46 ویں نمبر پر جا پہنچی ہے ،ہم نے روپے کو بغیر سوچے سمجھے ڈی ویلیو کیا،ملک سے گندم کی سمگلنگ کو جنگی بنیادوں پر روکنا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ 2013 میں بھی دنیا کہتی تھی ملک ڈیفالٹ کر جائے گاہم نے محنت کی اور5 دن میں بجٹ دیا اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا،سابقہ دور معیشت کے حوالے سے ملک کا سیاہ ترین دور تھا،معیشت پر اور تجربے نہیں کر سکتے ،ہم نے 2013 سے 2016تک اپنا پروگرام مکمل کیا جو ملک کی تاریخ میں ایک بار ہی ہوا ہے، ہمیں میکرو اکنامک انڈیکیٹرز کو بہتر بنانا ہو گااپوزیشن سیاست کے لیے غیر سنجیدہ بیانات دے رہی ہے جس سے پاکستان کی ساکھ کو بے حد نقصان پہنچ رہا ہے۔