لاہور (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر ریلویز و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آج مستندبہروپیا اور اس کے سہولت کار آئے روزبے نقاب ہو رہے ہیں ،یہ کسی کی گرفت نہیں بلکہ مکافات عمل کا شکار ہیں ، مارشل لاءاور سول آمروں کے ظلم جھیل کر کھڑے رہنے والوں کو تمہاری نفرت انگیز مہم کی کوئی پرواہ نہیں ،پاکستان کے آئین ،جمہور اور اداروں کا دفاع کیا جائے گا جبکہ اصل غدار بے نقاب ہوں گے ۔ انہوںنے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ایک مقبول کھلاڑی کو جس کی جمہوری سیاسی جدوجہد صفرتھی،ریاستی اداروں میں موجود آمرانہ ذہنیت رکھنے والے گمراہ سازشی عناصرنے حکومتی بیساکھیوں کے سہارے تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پرراہبر بنوا دیا، قوم کی محرومیوں کوآئین وجمہور کی حکمرانی کے خلاف ابھارنے کی سازش کی گئی اور جھوٹ کوسچ بنا یا گیا، ان مزموم مقاصد کے لئے ریاستی وسائل کابے دریغ استعمال ہو ا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی رہنماﺅں کو چور غدار قادیانیت نواز مرتد انڈین ایجنٹ سمیت نجانے کس کس لقب سے نوازاگیا، جھوٹے رہبر کومستحکم کرنے کے لئے جانبدار منصفوں سے اسکے مخالفین کیخلاف اور اسکے حق میں فیصلے کروائے گئے،نیب کوبطور ہتھیار استعمال کیا گیااور ایک فراڈ کوصاد ق وامین بنا کر پیش کردیاگیا، لوگوں کی بڑی تعداد نے اس پر یقین کیا اور اسکے ساتھ چلے ۔ اس شرمناک کھیل میں پاکستان کی معیشت ،معاشرت ،نظام عدل اورقومی سلامتی سب داﺅ پر لگا دیئے گئے، چلتی چلاتی ڈیلیور کرتی منتخب حکومت کو گراکرملک کی جڑیں کھوکھلی کی گئیں ،کیا یہ حب الوطنی تھی ؟۔ انہوںنے کہا کہ آج مستند بہروپیا اور اسکے سہولت کار آئے روزبے نقاب ہو رہے ہیں ، یہ کسی کی گرفت نہیں بلکہ مکافات عمل ہے ، جو بدنیتوں سے غلطیاں کرواتا اور انہیں انجام تک پہنچاتا ہے ، کسی کو اچھا لگے یا تکلیف ہو ، نتیجہ کچھ بھی ہو ۔پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ان بہروپیوں اور طالع آزماﺅں کا راستہ روکیں گی،انشا اللہ۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ پاکستان کے آئین ،جمہوراوراداروں کادفاع کیاجائیگااور اصل غداربے نقاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آخری بات مارشلاﺅں اور سول آمروں کے ظلم جھیل کر کھڑے رہنے والوں کو تمہاری نفرت انگیز مہم کی کوئی پرواہ نہیں ، گالیاں دینے والوں میں سے اکثراندھے،بہرے اوربالے ہیں ، اللہ کریم سب کوہدایت سے نوازے۔