اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے،انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کو مظلوم قوموں کےساتھ ہونے والے ظلم و جبر کا نوٹس لینا چاہئے۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے آئین پاکستان میں تمام بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا،آئین پاکستان کے 20آرٹیکل (8سے 28تک)بنیادی حقوق پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کے انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انسانی حقوق کا علم اونچا کیا ۔انہوںنے کہاکہ ہماری سیاست کے مقصد اور منشور کی بنیاد ہی انسانی حقوق پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں ہونےوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کی ہر روز دھجیاں بکھیری جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزیروں پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ شیری رحمان نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کو مظلوم قوموں کے ساتھ ہونے والے ظلم و جبر کا نوٹس لینا چاہئے۔