لاہور ( بیورو رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے معاملے پر فیصل واوڈا اسپیشل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق صبح 11 بجے طلبی کے باوجود فیصل واوڈا سمیت کوئی پیش نہ ہوا۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے فیصل واوڈا کو تمام ریکارڈ لانے کی بھی ہدایت کی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں یاسمین راشد، حماد اظہر، فیصل جاوید سمیت 35 افراد کو طلب کیا تھا۔واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔واقعہ میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماﺅں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔