بالی (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو جمہوریت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اٹھنا ہوگا۔انڈونیشیا کے شہر بالی میں افغان خواتین کی تعلیم سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی بھی قوم قانونی، سیاسی ، سماجی، معاشی اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کا آئین خواتین کی تعلیم کےمساوی حق کو تسلیم کرتا ہے، پاکستان کو بینظیر بھٹو جیسی بااختیار خواتین پر فخر ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ نئی نسل کو جمہوریت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اٹھنا ہوگا، امید ہے کہ نفرت کی سیاست پر قابو پالیں گے، ہم تقسیم کی سیاست کو اتحاد کی سیاست سے شکست دیں گے، سچ کی سیاست سے جھوٹ کی سیاست ختم ہو جائے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا میں ترقی کے لئے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، خواتین کی تعلیم پر سرمایہ کاری قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے، معاشرے کو ایسے ماحول کی ضرورت ہے جو خواتین کو بااختیار بنائے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ہزاروں افغان طلبہ زیر تعلیم ہیں، افغانستان کا ہمسایہ اور دوست ہونے کے ناطے پاکستان اپنا کردار اداکرتارہے گا، ہم نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ خواتین سمیت افغانستان کے تمام لوگوں کو حقوق دے۔