اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیرضروری تبصرے سے گریز کیا جائے،ملکی نیوکلیئر صلاحیت مادروطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے، ملکی نیوکلیئر پروگرام کو عوام، سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے،پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی کے تحت علاقائی عوامل، سیکیورٹی پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے نسٹ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی نیوکلیئر صلاحیت مادروطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے، ملکی نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اس اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہے۔ ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ قومی سیکیورٹی ناقابل تقسیم ہے، پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، جنرل ندیم رضا نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، جنرل ندیم رضا نے کہاکہ ہماری قومی سیکیورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف تمام ضابطوں کے مطابق ہے، جنرل ندیم رضا نے زور دیا کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ نیوکلیئر ممالک میں رائج طریقے کے مطابق صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی اسٹریٹجک پروگرام پر رسپانس اور تبصرے کی مجاز ہے۔