اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے بی جے پی رہنماﺅں کے توہین آمیز بیانات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماﺅں نے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے، اس سے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کا نوٹس لیں۔ پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مودی حکومت حساس مذہبی معاملات پر لوگوں میں نفرت پھیلا رہی ہے، عالمی برادری کا رواداری کا معیار باقی ممالک کے لئے الگ اور مودی کے لئے الگ نہیں ہو سکتا، بھارتی انتہا پسندی دنیا کے لئے خطرہ بن چکی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ بی جے پی رہنماﺅں کی صرف رکنیت معطل کرنا کافی نہیں، مودی سرکار کو دنیا کے تمام مسلمانوں سے باضابطہ معافی مانگنی چاہیے۔