کراچی(نمائندہ خصوصی) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پندرھویں عالمی اردو کانفرنس کے چوتھے و آخری روز مصنف، ناول نگار اور صحافی شوکت صدیقی کی یاد میں ” شوکت صدیقی کی زندگی کے سو سال“ کے نام سے سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ظفر صدیقی، ادیب شکیل عادل زادہ، شاعر و ایڈیٹرمحمود شام، ناول نگار،ادیب اور صحافی نذیر لغاری نے گفتگو کی۔ نظامت کے فرائض فاضل جمیلی نے انجام دیے، صحافت، افسانے اور ناول نگاری میں نام کمانے والے شوکت صدیقی کے حوالے سے ان کے صاحبزادے ظفر صدیقی کا کہناتھا کہ وہ بطور والد بہت بہترین انسان تھے وہ ترقی پسند سوچ کے حامل انسان تھے بطور والد تو وہ اچھے انسان تھے ہی لیکن انہوں نے صحافت میں بھی کمال کر دکھایا۔ وہ ہمیں سماجی اور سیاسی شعور سے بیدار رکھنے کی کاوش میں رہتے تھے۔ صحافی نذیر لغاری کا کہنا تھا کہ شوکت صدیقی بڑے قلم کار تھے، خدا کی بستی میں وہ عام حالاتِ زندگی کو اہمیت دیتے نظر آتے ہیں، اس ناول میں انہوں نے عام حالاتِ زندگی کو عام اور روایتی طور پر بیان کیا، جو مقبولیت کی بلندی پر گیا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت صدیقی ناول کی دنیا میں الگ مقام بنا گئے ہیں، اگر یہ کہا جائے کہ تین مشہور ناول میں شوکت صدیقی کا لکھا ناول خدا کی بستی سر فہرست ہے تو غلط نہ ہوگا۔ نذیر لغاری نے کہا کہ شوکت صدیقی ذہین انسان تھے وہ ناول میں ان حالات اور باتوں کو ذہن نشین کر لیتے تھے، حتیٰ کہ وہ ان باتوں کو پانچ سال بعد ہی کیوں نہ کسی ناول یا افسانے میں استعمال کریں۔ شاعر و ایڈیٹر محمود شام کا شوکت صدیقی کے حوالے سے کہنا تھا کہ شوکت صدیقی کے لیے الفاظ ڈھونڈنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوکت صدیقی کے کام کو دیکھتے ہوئے انتظامی اور حکومتی سطح پر ڈاک کی ٹکٹ ان کے نام منسوب کرنی چاہیے، ان کی تحریروں کو جمع کر کے مجموعے کی شکل میں شائع کرنا چاہیے، محمود شام کا کہنا تھا کہ جس وقت شوکت صدیقی نے لکھنا شروع کیا اس وقت عام آدمی کو لکھنے کی اجازت تھی لیکن کسی صحافی کے لیے یہ زرہ مشکل کام ہوتا تھا، شوکت صدیقی نے اس وقت میں ہمت کا مظاہرہ کیا ناول نگاری کی دنیا میں قدم بڑھائے،جانگلوس ان کی اسی کاوش کا ثمر ہے، اس کی خاص بات یہ ہے کہ شوکت صدیقی جانگلوس کے لیے لکھتے اور ہم فوراً اسے شائع کردیتے ، اور اس طرح یہ مسلسل شائع ہونے لگا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت صدیقی کہانی کے آدمی تھے، وہ کہانیاں بہت عمدہ طریقے سے لکھتے تھے ”اداس نسلیں“ بھی ان کی خوبصورت تحریروں میں سے ہے۔