لاہور (بیورورپورٹ)چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز مسلم لیگ (ن )بیرسٹر امجد ملک نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف صاحب سے انکی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات کی ۔وزیر اعظم پاکستان نے انہیں پاکستان میں خوش آمدید کہا اور بتایا کہ گرچہ پاکستان اقتصادی مشکلات میں گھرا ہوا ہے اور وہ دن رات ایک کر کے پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں،اتحادی جماعتیں انکے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک دفعہ پھر پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں اور وہ لوڈ شیڈنگ میں کمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کو ختم کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انکے قائدمسلم لیگ ن وزیراعظم نواز شریف صاحب پہلے بھی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیندہ جنرل الیکشن تک کافی چیزیں کلیئر ہوجائیں گی اور تحریک انصاف کی غیر تسلی بخش کارکردگی کی بنا پر صفایا ہوجائیگا۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارے بیرون ملک سفیر ہیں اور انکی فلاح و بہبود ہماری گورنمنٹ کی ترجیحات میں شامل ہے۔بیرسٹر امجد ملک نے اس موقعہ پر میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ مجھے خادم پاکستان وزیراعظم شہباز شریف صاحب کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔وہ انشاءاللہ پاکستان کو اتحادیوں کیساتھ ملکر اپنے تجربے صلاحیتوں اور قائد کے وژن کے مطابق پاکستان کو مشکلات سے نکال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت پاکستان کی اقتصادی بقاءکیلئے بہت ضروری ہے اور ملک کی خاطر اٹھاﺅ گئے مشکل فیصلوں میں ہم وزیراعظم اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عوام کی حالت زار میں انفرادی و اجتماعی بہتری کے لئے قومی کفائت شعاری مہم کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ ملکر جدوجہد کرکے ہی کیا جاسکتا ہے۔