کراچی(نمائندہ خصوصی) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ پاکستان کا وہ پہلا صوبہ ہے جس نے خصوصی افراد کےلئے قانون سازی کی اور خصوصی افراد کے حقوق کو سامنے رکھ کر قانون سازی کی گئی ہے اور ان کی دیکھ بھال کے لئے حکومت سندھ کام کررہی ہے، مختلف طبقات اور حکومت کے درمیان میں پل کا کردار ادا کرسکتا ہوں، لوگوں کے مسائل کو ایوان میں اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، شہر کی بہتری کے لئے جس قسم کی ضرورت ہو میں مدد کرنے کو تیار ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر روڈ پر خصوصی افراد کےلئے اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، ممبر قومی اسمبلی کشور زہرا، سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز اور خصوصی افراد کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پارکس اور اسپورٹس کمپلیکس بن جاتے ہیں لیکن ان کی دیکھ بھال اور بحالی کے کام کرنے میں کافی دشواری کا سامنا ہوتا ہے، آج میری آپ سے بات ہوئی کہ ایک ادارہ بنایا جائے جو ان سب کی دیکھ بھال کرے تو بہت جلد وہ ادارہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انڈرپاسز، فلائی اوورز، پارکس، کھیلوں کے میدان، اسپورٹس کمپلیکس اور دیگر اثاثہ جات کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی خصوصی افراد کی بھی دیکھ بھال کرسکے گی۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جس طرح اور بہت سارے اداروں کو وزیراعلیٰ سندھ اور حکومت سندھ گرانٹ دیتی ہے اسی طرح اسپورٹس کمپلیکس کے لئے بھی سندھ حکومت گرانٹ فراہم کرے گی تاکہ اسپورٹس کمپلیکس کا نظام چلایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے معاشرے کی ضرورت ہے جہاں پر دکھوں کا بھی مداوا ہو لیکن خوشیوں کو بھی بانٹیں جتنی خوشیاں بانٹیں گے اللہ تعالیٰ برکت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت سارے معاشرے کے لئے اور ہمارے پیارے پاکستان کے لئے بہتر ہوگا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ نے کہا کہ خصوصی افراد اسپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلو ں میں حصہ لے سکیں گے، وہ ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، خصوصی افراد کی کھیلوں کی سرگرمیوں سے ان کو اپنا نام روشن کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے خصوصی فنڈز سے اس اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں حصہ لیا، کے ایم سی مختلف کھیلوں کی سرپرستی کرتی ہے تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو تی رہے، خصوصی افراد کی دیکھ بھال ماں باپ کے ساتھ ساتھ حکومت کی بھی ذمہ داری ہے۔