ریاض(نمائندہ خصوصی ) سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اتوار سے جمعرات گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے، اس حوالے سے شہری دفاع کے محکمے نے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کردی ہیں۔غیرملکی میڈیاکے مطابق موسمیات کے سعودی قومی مرکز کا کہنا ہے کہ اتوار سے جمعرات تک مملکت کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی قوی امکان ہے، تیز ہوا اور گرد و غبار کے باعث حد نگاہ بھی متاثر ہو سکتی ہے۔موسم کی ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے قومی مرکز کا مزید کہنا ہے کہ قصیم ، مشرقی ریجن اور شمالی حدود کے علاقوں میں بارش کا آغاز(آج)پیر 5 دسمبر سے ہوگا جس کا سلسلہ جمعرات تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔متوقع بارش کا سلسلہ مشرقی ریجن اور ریاض کے بعض علاقوں تک پھیلے گا، اس دوران کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کےساتھ تیز ہوا بھی چلنے کی توقع ہے جس کا سلسلہ عسیر، جازان، الباحہ اور مدینہ منورہ کے بعض علاقوں تک پھیلے گا۔قومی مرکز کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ممکنہ بارش رواں ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گی