ابو ظہبی(نیٹ نیوز ) متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر1ہزار درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کیا گیا ہے، پرانا نوٹ بھی بدستور چلتا رہے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک نے51ویں یوم وطنی کے موقع پر ایک ہزار درہم والا نوٹ جاری کیا ہے۔ایک ہزار درہم والا نیا نوٹ پولیمر مادے سے تیار کردہ ہے، اس کا ڈیزائن نئے طرز کا ہے اور اس میں جعلسازی سے بچا ﺅکے لیے نئے فیچرز رکھے گئے ہیں۔نیا کرنسی نوٹ امارات کی قیادت کے تصور، امارات کی حکمت عملی، مستقبل کے حوالے سے اس کی امنگوں اور 51 ویں یوم وطنی کے جشن کے تقاضوں کے عین مطابق مارکیٹ میں لایا گیا ہے۔امارات کے سینٹرل بینک نے کہاکہ ایک ہزار درہم کا نیا نوٹ سنہ 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران بینک کی تمام شاخوں اور اے ٹی ایم میں دستیاب ہوگا۔سینٹرل بینک نے کہاکہ ایک ہزار درہم کا پرانا نوٹ بھی بدستور چلتا رہے گا، نئے نوٹ کے اجرا سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔