کراچی (نمائندہ خصوصی )سندھ حکومت نے اتحادی جماعت ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا ہے ایم کیو ایم ارکان کی ترقیاتی اسکیمز بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کا بڑا مطالبہ مان لیا ہے جس کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے سندھ کے بجٹ میں ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں کو بھی شامل کیا جائیگا۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ حکومت بجٹ میں ایم کیوایم کی تجویز پر اسکیمز شامل کرے گی اور ایم کیو ایم ارکان اسمبلی کو ڈیولپمنٹ کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔سندھ کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائیگا اور ایم کیو ایم رہنمان نے بجٹ تجاویز دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے اراکین کی تعداد 21 ہے اور متحدہ کے اراکین اسمبلی کراچی اور حیدرآباد کے لیے ترقیاتی اسکیمز جمع کرائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلز پارٹی سے نئے مطالبات کر دیے تھے اور کراچی وحیدرآباد کے میئر کے ساتھ کراچی کے تین اضلاع سینٹرل، ویسٹ اور ایسٹ کی ایڈمنسٹریٹر شپ بھی مانگ لی ہے۔اس حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے وزیراعلی سندھ مزاد علی شاہ اور وزرا نے ملاقات کی ہے، جس میں ایم کیو ایم کو بلدیاتی اداروں میں حصہ دینے سے متعلق گفتگو ہوئی۔