اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا ہے کہ نادرا خصوصی افراد کو شناخت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نادرا خصوصی افراد کو اپنے حقوق تک رسائی میں مدد دینے کےلئے ان کو شناخت اور پہچان فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح طور پر معذور افراد ملکی معیشت میں اس سے زیادہ حصہ ڈالتے ہیں جتنا وہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا نے 5 لاکھ 48 ہزار سے زائد خصوصی افراد کو بلامعاوضہ شناختی کارڈ جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان خصوصی افراد میں3 لاکھ 90 ہزار جسمانی معذور،36 ہزار قوت سماعت سے متاثر،22 ہزار سے زائد متاثرہ بصارت اور ایک لاکھ محدود ذہنی صلاحیت کے حامل افراد شامل ہیں ۔