کراچی(نمائندہ خصوصی) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تحت پندرھویں عالمی اردو کانفرنس کے ”شاعر خوش نوا“ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف شاعر امجد اسلام امجد نے کہا کہ تخلیقی فنکار ایک ہی جہت میں زندگی گزار دیتے ہیں لیکن جو لوگوں مختلف جہتوں میں کام کرتے ہیں اور لوگ انہیں قبول بھی کریں تو یہ اللہ کا انعام ہے، اس لحاظ سے میں خوش قسمت ہوں۔ انہوں نے اپنی شاعری سے منتخب کلام پیش کر کے داد وصول کی۔ شریک گفتگو سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کا امجد اسلام امجد کے فن اور شخصیت کے حوالے سے کہنا تھا کہ میں آرٹس کونسل آف پاکستان کی پہلی اردو کانفرنس میں بھی شریک تھا اس وقت اس کانفرنس کی عالم گیریت کی طرف نہیں دیکھا جا رہا تھا، کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنی پھیلے گی۔ لیکن احمد شاہ نے ثابت کیا کہ وہ دور تک دیکھنے کا ویژن رکھتے ہیں آج اس کانفرنس کی دنیا بھر میں دھوم ہے اس میں احمد شاہ کی سوچ اور محنت کے ساتھ اردو کی وسعت اور ہمہ گیری کا بھی کمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اردو ادب کے عالمگیر منظر نامہ پر کام کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے ان میں احمد شاہ اور اس کی ٹیم بھی شامل ہے جس نے دنیا کو یہ بتایا ہے کہ اردو کی ترویج و ترقی کے لیے کس نہج پر اور کس پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امجد اسلام امجد کے فن اور شخصیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امجد اسلام امجد مقبول و معروف تو ہیں لیکن اس کے ساتھ معروف ترین بھی لگا دیا جائے تو ان محدود لوگوں میں امجد اسلام امجد بھی شامل ہیں۔ پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے کہا کہ امجد ہمہ جہتی شخصیت کے مالک ہیں۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایک شخص کتنے محاذ پر کام کر رہا ہے اس کے باوجود بکھرا ہوا نہیں ہے بلکہ مستقل مجازی سے کام کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ امجد بہترین شاعر، کالم نویس اور سفر نامہ نگار بھی ہے انہوں نے 63 کتابیں لکھی ہیں جن میں سفر نامے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے لیے لکھنا بہت مشکل ہے میں خود اس کو مشکل محسوس کرتا ہوں لیکن امجد نے بچوں کے لیے بھی خوب لکھا۔ انہیں ہر جہت میں بہت محبت اور احترام سے دیکھا جاتا ہے یہ اپنے کام سے مقبول ترین ہوا۔ امجد کے ہاں رومانیت میں بھی معنویت ملتی ہے ان کو ان کے بہترین خدمات اور کام کی وجہ سے زمانہ یاد رکھے گا، جہاں جہاں اردو زبان بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں وہاں امجد کے پرستار اور چاہنے والے موجود ہیں۔انہوں نے کہا فیض احمد فیض، نارنگ اور دیگر شاعروں اور ادیبوں نے بھی امجد اسلام امجد کے فن کی تعریف کی۔