کراچی(نمائندہ خصوصی)
ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں امن وامان کی صورتحال اور جرائم کے خلاف پولیس اقدامات پر مشتمل ایک جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت آئی جی سندھ غلام نبی میمن کررہے تھے۔اجلاس میں ڈی آئی جی ساؤتھ نے امن وامان کی موجودہ صورتحال سمیت جنوبی پولیس کی جرائم کے خلاف حکمت عملی اور لائحہ عمل پر بریفنگ دیتے ہوئے ماڈرن تیکنیکس/آلات بشمول ہائی پاورڈ کیمرا،تلاش ڈیوائس، ڈیجیٹل کمیونیکیشن سسٹم،انٹرنیٹ اور باڈی کیمراز جیسی سہولیات سے آراستہ اسمارٹ کار متعارف کرنیکی تجویز پیش کی۔انہوں نے مذید کہا کہ اس اقدام سے کریمنلز کی ناصرف حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ عام شہریوں میں احساس تحفظ کا شعور بھی اجاگر ہوگا۔دوران بریفنگ ڈی آئی جی ساؤتھ نے شعبہ تفتیش، سیل فونز ریکوری یونٹ، کیس فائلز کی تیاری کے رومز سمیت شاہین فورس کے جملہامور واقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔آئی جی سندھ نے ساؤتھ کے مختلف علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمراز کی تبدیلی کے حوالے سے جامع سفارشات ترتیب دینے کی ہدایات دیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ کی اسمارٹ کار متعارف کرنیکی تجویز کو سراہا اور شاباش دی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ اسے پولیس پیٹرول کار کا نام دیا جائے اوراسے متعارف کرانیکے ضمن میں قابل عمل تجاویز پر مشتمل سفارشات برائے وزیر اعلیٰ سندھ سے باقاعدہ منظوری کے ضمن میں ارسال کی جائیں تاکہ منظوری و توثیقی اقدامات کے بعد اسمارٹ کار (پولیس پیٹرول کار) پروجیکٹ کا جنوبی زون میں آغاز کیا جاسکے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کسی بھی واقعہ کی صورت میں کرائم سین یونٹ کے استعمال کو انتہائی ٹھوس اور مؤثر بنایا جائے تاکہ واقعاتی شواہد کو بھی محفوظ بناتے ہوئے اسے جرائم کے خلاف مذید کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔انہوں نے ہدایات دیں کہ شاہین فورس کے جملہ امور واقدامات کے حوالے سے باقاعدہ ایس او پی ترتیب دیا جائے۔
انہوں نے مذید ہدایات میں کہا کہ کیسز کی تفتیش میں درکار تحقیق،چھان بیناور انٹیروگیشن کو عینی اور واقعاتی شواہد کی روشنی میں اس قدر ٹھوس اور مضبوط بنایا جائے کہ گرفتار ملزمان متعلقہ عدالتوں سے یقینی سنوائی ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ تفتیش کے ہر شعبے کو جدید تیکنیکس و آلات کی بدولت انتہائی کامیاب اور سود مند بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں امن وامان کے حالات پر مکمل پولیس کنٹرول کے ضمن میں سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو مذید غیرمعمولی بنایا جائے۔ اس موقع پر ساؤتھ زون میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈی ایس پی انویسٹی گیشن کلفٹن فہمیدہ عباسی،ایس ایچ اوز و ایس آئی اوز کو تعریفی اسناد دی گئیں۔جبکہ مچھر کالونی واقعہ پر عمدہ کارکردگی دکھانیوالے ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کو بھی تعریفی اسناد دی گئیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اختر اوڈھو کے علاوہ ڈی آئی جی ساؤتھ،ڈی آئی جی ٹریفک،ایس ایس پیز ساؤتھ،کیماڑی،سٹی، انویسٹی گیشنز،اے آئی جی آپریشنز سندھ،اے آئی جی لاجسٹکس اور اے آئی جی ایڈمن نے شرکت کی۔