کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے پاس 11 ہزار 623 سرکاری گاڑیاں ہیں جن پر رواں برس 18 کروڑ 66 لاکھ روپے کا ایکسائز ٹیکس دیا گیا، ہم کتے کو سرکاری موبائل کا پروٹوکول نہیں دیتے۔جمعرات کوسندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ارسلان تاج نے سوال اٹھایا کہ سندھ میں سرکاری افسران کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں؟ حکومت محکمہ ایکسائز کو کتنا ٹیکس دیتی ہے؟ جواب دیا جائے۔سوال کے جواب میں سندھ حکومت کے وزیر ایکسائز مکیش کمار چاﺅلہ نے کہاکہ سندھ حکومت کے پاس مجموعی طور پر 11 ہزار 623 گاڑیاں ہیں، محکمہ بلدیات کے پاس سب سے زیادہ 1,151 سرکاری گاڑیاں ہیں، محکمہ ایس این اینڈ جی کے پاس 1,078، محکمہ قانون کے پاس 873 ، محکمہ تعلیم کے پاس 955، بورڈ اینڈ ریونیو کے پاس 656 ، محکمہ صحت کے پاس 590 گاڑیاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح سندھ پولیس کے پاس 684 اور محکمہ آب پاشی کے پاس 498 سرکاری گاڑیاں ہیں، سندھ حکومت نے مجموعی طور پر ان گاڑیوں پر 18 کروڑ 66 لاکھ 61 ہزار 946 روپے ٹیکس دیا۔صوبائی وزیر مکیش کمار چاﺅلہ نے کہا کہ کچھ سرکاری گاڑیاں رجسٹرڈ نہیں ہوئیں، کچھ کا ٹیکس جمع نہیں ہوا، سرکاری گاڑیوں میں ڈرائیور اگر اپنے بچے کو اسکول چھوڑتا ہے تو نہیں روک سکتے، ہم کتے کو سرکاری موبائل کا پروٹوکول نہیں دیتے۔