اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ملاقات کی، وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کے آرمی کے پیشہ ورانہ امور میں قابلیت اور کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فوج قوم کا قیمتی اثاثہ ہے، دو قابل ترین افسران کی قیادت ملنے سے دفاع وطن مزید مضبوط ہوگا۔ ملاقات میں مسلح افواج کے پیشہ ورانہ امور زیر غور آئے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔