اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں دو بار اضافہ کرنے کے بعد اقتصادی بحران سے نکل آئے ہیں۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، پٹرول کی قیمت میں دو بار اضافہ کرنے کے بعد ہم اقتصادی بحران سے باہر نکل آئے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آنے والے وقت میں مہنگائی پرقابو پانے کے لیے اقدامات کا اعلان کریں گے
تا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کرنسی اکاونٹ، روشن ڈیجیٹل اکاونٹس یا عوام کے پرائیویٹ لاکرز کو منجمد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ہم ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے آنے والی خبریں غلط اور جانب دارانہ حلقوں کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں۔