لاہور ( نمائندہ خصوصی ) چین سے درآمد کی گئیں 230 مسافر کوچز میں سے تیارشدہ حالت میں 46 نئی کوچز پاکستان پہنچ چکی ہیں۔جن کو ٹرائل کے بعد ریلوے آپریشن کا حصہ بنا دیا جائے گا جس سے مسافروں کو آرام دہ محوظ سفر میسر آئے گا اور ٹرین آپریشن میں مزید بہتر ی آئے گی۔ دسمبر کے مہینے میں ہی گرین لائن ٹرین کو مارگلہ اسلام آباد اسٹیشن سے کراچی تک نئی جدت والی کوچز کے ساتھ چلانے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز سلمان صادق شیخ نےریلویز ہیڈکواٹرز لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری میں عوام کے ریلوے سے متعلق مسائل اور ضروریات کے بارے میں سنتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبہ کے افسران بھی موجود رہے۔
اس کھلی کچہری کا انعقاد وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر ریلوے کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔سلمان صادق شیخ سی ای او ریلویز نے مزید کہاکہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان ریلوے کے آفسران اور عملے نے انتھک محنت سے چند ہفتوں میں پشاور سے کراچی تک سیلاب سے متاثرہ ٹریک مکمل بحال کر لیا ہے۔اس کےعلاوہ سبی سیکشن بھی بحال کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ 20 نومبر سے جعفر ایکسپریس کے آپریشن کو بھی مچھ تک بحال کر دیا گیا ہے۔ علامہ اقبال ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس بھی اپنے روٹس پر رواں دواں ہیں، اگلے چند ماہ میں کوئٹہ ڈویژن میں ہرک برج کی تکمیل کے بعد ملک بھر میں آپریشن پہلے کی طرح مکمل بحال ہو جائے گا۔سی ای او نے کہا کہ ملک بھر میں سیلاب کے باعث بند کی گئی تمام ٹرینیں بتدریج مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہیں۔جبکہ مزید ٹرینوں کی بحالی وسائل کی دستیابی پر منحصر ہے۔ ٹرین اسٹاپجز اور روٹس میں تبدیلی کے حوالے سے سی ای او ریلوے نےکہا کہ میل ایکسپریس ٹرینوں کو ہر اسٹیشن پر سٹاپ نہیں دیا جا سکتا۔کیونکہ جگہ جگہ سٹاپجز دینے سے ٹرین کا رننگ ٹائم بڑھ جاتا ہے جس سے لمبے سفر کے مسافر بھی سفری دورانیہ میں اضافہ سےتنگ ہوں گے۔ لہذا جہاں انتظامیہ ضروری سمجھتی ہے وہاں سٹاپجز دیئے بھی جاتے ہیں۔
سلمان صادق شیخ نے ٹی ایل اے اور پی ایم پیکج ملازمین کے ریگولر کرنے کے حوالے سے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جب بھی کوئی حکومتی پالیسی آئے گی تو اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
سی ای او ریلوے سلمان صادق شیخ نے کہا کہ اس فیس بک لائیوکھلی کچہری کا بنیادی مقصد پاکستان ریلوے اور عوام کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بناناہے۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ آپ کی جائز شکایات دور ہوں اور آپ کی تجاویز پر عمل ہو تاکہ ریلوے میں بہتری آسکے۔
فیس بک لائیو کھلی کچہری دوپہر 2 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہی۔