کراچی( بیورو رپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے ہدایات دی ہیں کہ آئندہ دو ہفتوں میں جام صادق برج کے ساتھ بی آر ٹی یلو لائن کے نئے پل کی تعمیر کی این آئی ٹی جاری کی جائیں، اس کے ساتھ ساتھ داؤد چورنگی اور انڈس ہاسپٹل بس ڈپوز کی باؤنڈری وال کی تعمیر کے لیے بھی اظہار دلچسپی کے نوٹس شایع کروائے جائیں ،صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے یہ ہدایات بی آر ٹی یلو لائن پروجیکٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، بالخصوص جام صادق برج کے ساتھ یلو لائن کے لئے نئی برج کی تعمیر کے بارے میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے سفری آسانیوں کے حکومتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ہم چاہتے ہیں کہ نئے پل کی تعمیر کا جلد از جلد آغاز ہو ، انہوں نے ہدایت دی کہ پل کی تعمیر کے دوران حفاظتی اقدامات کا خصوصی خیال رکھا جائے، تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ پل کی تعمیر کی مدت کم کر کے ایک سے ڈیڑھ سال کی جائے ۔ شرجیل انعام میمن نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو ڈی آئی جی ٹریفک سے اجلاس کر کے جام صادق برج پر ہیوی ٹریفک کا متبادل ٹریفک پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و مرمت کے کام کے آغاز پر جام صادق پل پر ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کی جائے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پل کی تعمیر کے ساتھ داؤد چورنگی اور انڈس بس ڈپو کی باؤنڈری وال کے کام کا بھی آغاز کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ بس ڈپو ایلیویٹڈ بنائے جائیں، کیونکہ شہر میں زمین ملنا مشکل ہے ۔ ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیا برج ایک کلو میٹر طویل ہوگا ۔ موجودہ جام صادق پل اور نئے برج میں 5 میٹر کا فاصلہ ہے، پی سی ون کے مطابق پل کی تعمیر 24 ماہ کی مدت میں مکمل کی جائے گی ۔ نئے پل کی تعمیر کے بعد موجودہ جام صادق برج کی مرمت اور بحالی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جام صادق برج کی تعمیر کا 1988 میں آغاز ہوا تھا ، یہ پل 30 سال سے شہریوں کو امدورفت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ ، پروجیکٹ ڈائریکٹر بی آر ٹی یلو لائن امیر فضل ، نیسپاک اور ڈار کنسلٹنٹس سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔