کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریوینیو طارق باحوہ اور اسٹیٹ بینک کے گورنرجمیل احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل ،عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات،صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تیز رفتار صنعتی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے باعث کراچی خصوصی توجہ کا مستحق ہے اور یہاں کی صنعتوں کو بجلی اور گیس کی فراہمی ملک کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ گورنر سندھ نے وفاقی وزیر خزانہ کو صوبہ کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں اور تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات لائق تحسین ہیں جبکہ وفاقی فنڈنگ کے ترقیاتی منصوبوں سے صوبہ میں انفرا اسٹرکچر بہتر ہوگا۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے گورنرسندھ کی کاوشیں خوش آئند ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور گورنراسٹیٹ بینک نے گورنرسندھ کو یقین دہانی کرائی کہ صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل حل کریں گے۔