لاہور ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کی پائیدار بنیادوں کیلئے آئین و قانون کی بالادستی کا حصول لازمی جزو ہے، تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال قومی بقا و سلامتی کیلئے غیرمعمولی خطرات کو ہوا دے رہی ہے، فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمان پارک میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اعلی سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، دونوں جماعتوں کے مابین اشتراکِ عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے فقیدالمثال انعقاد پر چیئرمین عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحریک انصاف کی سیاسی حکمتِ عملی کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیچیدہ ترین سیاسی و معاشی چیلنجز کا شکار ہے، چیئرمین تحریک انصاف کے حقیقی آزادی کے بیانیے کو تمام مکاتبِ فکر میں غیرمعمولی قبولیت اور پذیرائی میسر ہے، فوری صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذریعے بحران کے حل کی تدبیر کے چیئرمین تحریک انصاف کے مقف کی مکمل تائید کرتے ہیں، سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر تحریک انصاف کی قیادت کے شانہ بشانہ رہیں گے۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ مجلسِ وحدت مسلمین سے سیاسی اشتراکِ عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حقیقی آزادی مارچ راولپنڈی میں مجلسِ وحدت المسلمین کے کارکنان و زعما کی شرکت قابلِ تحسین ہے، فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں۔عمران خان نے کہا کہ تیزی سے بگڑتی معاشی صورتحال قومی بقا و سلامتی کیلئے غیرمعمولی خطرات کو ہوا دے رہی ہے، ملکی ترقی کی پائیدار بنیادوں کیلئے آئین و قانون کی بالادستی کا حصول لازمی جزو ہے، تمام شعبہ ہائے زندگی اور مکاتبِ فکر سے آگے بڑھ کر پاکستان کو دستور و قانون کی راہ پر چلانے کی تحریک میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔