کراچی(نمائندہ خصوصی) ٹیپو سلطان پولیس نے 3 لاکھ روپے یا اس سے زائد رقم بینک سے نکلوانے والے شہریوں کو خصوصی مدد فراہم کرنے فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں ٹیپو سلطان تھانے کی خاتون ایس ایچ او انسپکٹر عظمی خان نے بینکوں اور منی ایکس چینجرز کی سیکیورٹی کے لیے انتظامیہ سے ملاقاتیں کی ہیں اور بینکس انتظامیہ کو تحریری طور پر حفاظتی انتظامات اور سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا۔انھوں نے بینک سے رقوم لے کر نکلنے والے شہریوں کے لیے بھی ہدایات جاری کر دیں جبکہ پولیس کی جانب سے تمام بینکس کی برانچز میں آگاہی کے لیے نوٹسز بھی نمایاں طور پر چسپاں کر دیے گئے، منی ایکسچینجرز سے بھاری کرنسی تبدیل کروانے پر بھی تھانے میں مطلع کیا جائے۔ایس ایچ او عظمی خان کے مطابق 3 لاکھ روپے یا اس سے زائد رقم بینک سے نکلوانے والے شہری تھانے سے رابطہ کریں۔ شہری ٹیپو سلطان کی حدود سے رقوم نکلواتے وقت پولیس کی مدد حاصل کر سکتے ہیں، اپنی حدود میں بینکس اور کھاتے دار کو محفوظ بنانا ہماری ذمے داری ہے۔خاتون ایس ایچ او کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں 50 سے زائد بینکس اور منی ایکسچینجرز موجود ہیں۔