اسلام آباد(نمائندہ خصوصی، ) چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے زمبابوے کیلئے پاکستان کے نامزد سفیرمرادبصیر نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں افریقی ممالک خصوصاً زمبابوے کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے زمبابوے میں بطورسفیر نامزدگی پرمراد بصیرکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کے ساتھ بہترین دوطرفہ تعلقات ان کی آزادی سے پہلے کے ہیں۔پاکستان ”انگیج افریقہ“کی پالیسی کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مؤثرسفارتکاری کے ذریعے زمبابوے اوردیگرافریقی ممالک کی توجہ پاکستان میں موجودسرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں کی جانب مبذول کروائی جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کی بحالی کومزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کی آزادی کے بعد پاکستان کی معاونت سے زمبابوے ائیرفورس کے قیام پر ہمیں فخر ہے اورزمبابوے کیساتھ بہتردوطرفہ تجارت کیلئے بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زمبابوے کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہیں۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ2019 میں پاکستان کی برآمدات زمبابوے کیلئے 10.4 ملین ڈالر رہی جسے مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔زمبابوے کیلئے نامزدسفیرنے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پرپاکستان کی موثرطریقے سے نمائندگی کے عزم کودہرایا۔