لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) جمیعت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سابق سیکریٹری جنرل علامہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی 8 ویں برسی کل انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، جے یو آئی کی جانب سے برسی کے موقع پر سالانہ منعقد ہونے والی شہید اسلام کانفرنس سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں کے باعث ملتوی کردی گئی ہے، برسی کے موقع پر علامہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے فرزندوں جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود سومرو اور ناصر خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ کے طاقتور آواز شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی شہادت کو 8 سال مکمل ہوگئے، لیکن شہید کے قتل کیس کے سہولت کار آج بھی آزاد ہیں، 8 سال گزرنے کے باوجود شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کو سزا کیوں نہیں دی گئی ہے، قاتلوں کو پھانسی پر لٹکایا جائے اور سہولت کاروں کو عوام کے سامنے لایا جائے، انہوں نے کہا کہ شہید اسلام، شہید سندھ ، علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے اپنی زندگی دین اسلام اور سندھ دھرتی پر قربان کر دی، شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو جو کہ سندھ کا بہادر، حلالی فرزند تھا، جس کو کی گئی خدمات پر سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچانے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، بابا کی شہادت پر فخر ہے، میرے والد نے دین اسلام کی سربلندی اور ملک سمیت سندھ کے حقوق کی بات کی، انہوں نے کہا کہ شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو شہادت پر سرخ سلام اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سفاک قاتلوں نے یہ سمجھا کہ کونے کونے میں شہید علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی گرجتی آواز کو ہم ہمیشہ کے لیے خاموش کریں گے، لیکن اس کی شہادت کے خون سے جمعیت کی ایسی آبیاری ہوئی ہے اور اس شہادت کے خون نے جمعیت کے آواز کو وہ قوت بخشی ہے کہ آج وہ آواز سندھ میں گونج رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا آواز پوری دنیا میں جذبہء آزادی کا سب سے بڑا آواز بن کر ابھرا ہے، شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو ایک فرد اور ایک خاندان کا نام نہیں بلکہ وہ ایک نظریہ اور ایک تحریک کا نام بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ایک کارکن قدم سے قدم ملا کر منزل کی طرف اپنا سفر جاری رکھے گا، اور اس قسم کے واقعات ہمارے حوصلوں میں اضافہ کرتے رہیں گے، ہماری حوصلہ شکنی کا سبب نہیں بنیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ظالم سمجھتے ہیں کہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو شہید کر کے ان کے مشن کو کمزور کر کہ ختم کر دیا جائے گا۔ لیکن شہادتیں تو مشن اور تحریکوں کو مضبوط کر کے آگے بڑھاتی ہیں۔