اسلام آباد (اسپورٹس رپورٹر)انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچ چکی ہے، ایک روز آرام کے بعد مہمان ٹیم آج سے اپنی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کردے گی، جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے روز بھی ٹریننگ کی۔انگلش کرکٹ ٹیم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب متحدہ عرب امارات سے اسلام آباد پہنچی جہاں پی سی بی حکام نے ٹیم کا استقبال کیا۔مہمان کرکٹرز نے اتوار کو آرام کیا جبکہ آج سے وہ اپنی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔انگلش ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں صبح 10 بجے شروع ہوگا، 29 اور 30 نومبر کو بھی آر سی ایس میں پریکٹس سیشن منعقد کیا جائے گا جس کے بعد یکم دسمبر سے راولپنڈی میں پہلا کرکٹ ٹیسٹ شروع ہوگا۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔
دریں اثناء پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین پر تاریخی سیریز کے لیے تیار ہیں۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم نے اپنی پریکٹس کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی۔
انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عنوان لکھا کہ اپنی سرزمین پر ایک اور تاریخی سیریز کے لیے تیار ہیں۔ ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان گراؤنڈ میں بیٹنگ کی پریکٹس کر رہے ہیں اور اس دوران جارحانہ اسٹروکس بھی کھیلتے نظر آرہے ہیں۔