کوئٹہ(نمائندہ خصوصی )
فرنٹیئرکور بلوچستان (نارتھ) کے زیرِ اہتمام لیڈی سولجرز کے دوسرے بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد سبی سکاوٹس میں کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ تھے۔ پاس آؤٹ ہونے والی بیشتر لیڈی ریکروٹس کا تعلق بلوچستان سے ہے- ٹریننگ کورس کے دوران ریکروٹس کو ملٹری کی بنیادی تربیت دی گئی- اس میں فائرنگ، فزیکل فٹنس اور غیر روایتی جنگ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
مہمان خصوصی نے دوسرے بیچ کی لیڈی سولجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ اور حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی ریکروٹس کو کامیابی سے ٹریننگ مکمل کرنے اور ایف سی میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے لیڈی ریکروٹس کو مادر وطن کے دفاع کے لیے فخر، عزت اور وقار کے ساتھ خدمات انجام دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان ایک منظم اور تمام جدید صلاحیتوں و پیشہ وارانہ مہارتوں سے لیس فورس ہے، قوم کو ایف سی کے جوانوں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد و بھروسہ ہے کیونکہ ان کی تربیت ایک ایسے ادارے میں ہوئی ہے جہاں سے جوان کندن بن کر باہر نکلتے ہیں۔ قبل ازیں مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور انھیں سلامی پیش کی گئی اور ٹریننگ کے دوران بہترین خدمات سرانجام دینے والی ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ تقریب میں سیکٹر کمانڈر ایسٹ، ایف سی حکام سمیت قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔