لاہور( نمائندہ خصوصی ) چین میں تیار کی گئی جدید بوگیوں کی کھیپ کراچی پورٹ پہنچ گئی۔پاکستان ریلوے نے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے چین سے نئی کوچز منگوا لی ہیں، پاکستان چین سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز رفتار ریلوے ٹرین کے لیے ٹیکنالوجی بھی برآمد کرے گا۔پاکستان ریلوے کی جدید سہولتوں سے آراستہ 46 بوگیاں کراچی پورٹ پہنچی ہیں، چین سے 46 نئی جدید کوچز آنے سے ٹرین آپریشن مزید بہتر ہوگا، چین سے آنے والی کوچز میں اکنامی،پارلر کار اور اے سی اسٹینڈرڈ کوچز شامل ہیں۔اکنامی اور اے سی اسٹینڈرڈ کوچز میں آرام دہ برتھیں، نائٹ لیمپس اور موبائل چارجر بھی لگائے گئے ہیں، پارلر کار کوچز میں بھی آرام دہ نشستیں، ایل ای ڈی، موبائل چارجر اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔محکمہ ریلوے نے نئی کوچز کی رنگوں کی اسکیم بھی تبدیل کر دی ہے، چین سے آنے والی نئی کوچز کا رنگ سبز اور پیلی لائن درمیان میں ہوگی۔چین مزید 184 بوگیوں کے پرزے اسمبلنگ کے لیے پاکستان کو فراہم کرے گا۔