لاہور (بیورو رپورٹ ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یوایم ٹی) کے سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے زیر اہتمام پہلی تین روزہ بین الاقوامی میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کانفرنس منعقد کی گئی جس میں گرنور پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں ڈی جی یو ایم ٹی عابد شیروانی، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر انجم ضیاء، چیئرمین پنجاب ہائر ایجو کیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹرشاہد منیر، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، سلیم بخاری، سلمان غنی، ڈاکٹر الطاف اللہ ، سابق سینیٹر جاوید جبار سمیت فیکلٹی ،سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں اردو صحافت پر 100 سے زائد تحقیقی جریدے بھی پیش کیے گئے جس میں اردو صحافت سے متعلق درپیش مسائل کا حل بتایا گیا اوراس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ کس طرح اردو صحافت کی اہمیت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر انجم ضیاء نے اپنے ابتدائی کلمات میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سمیت دیگر مہمانوں کا کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد اردو صحافت اور اسکی تاریخ پر روشنی ڈالنا ہے تاکہ اردو صحافت کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ میڈیا اسکول جدید خطوط پر اپنے طلباء کی ٹریننگ کررہا ہے۔ کانفرنس بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یو ایم ٹی انتظامیہ کو اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو صحافت کی تاریخ بہت پرانی ہے اور اردو کا پوری دنیا میں ایک مقام ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات کا مقصد تحقیق کرنا ہے کیونکہ تحقیق کے ذریعے ہی قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ اردو زبان اور صحافت کا برصغیر کی تاریخ میں بہت اہم کردار رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ میں صحافیوں نے ہمیشہ سے قربانیاں دی ہیں اور حالیہ ارشد شریف کی وفات کا مجھے دلی دکھ ہے۔ خطاب کے اختتام پر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اب نئی نسل کی اخلاقی تربیت بہت ضروری ہے تاکہ معاشرے میں عدل کا نظام رائج ہو سکے۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر ڈین میڈیا اسکول پروفیسرڈاکٹر انجم ضیاء کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل، ہماری سمت اور ہماری سوچ ٹھیک ہونے سے ٹھیک ہو جائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ اردو صحافت کے بغیر ہمارہ گزارہ نہیں ہے لہذا ہماری نوجوان نسل کو اس مشن کو آگے لے کر چلناہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایم ٹی پاکستان کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے اور جلد ہی دنیا کی بہترین جامعات میں شامل ہوگی کیونکہ اب ہمارا مقابلہ دنیا کی بہترین جامعات کے ساتھ ہے۔ڈی جی یو ایم ٹی عابد شیروانی نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت پر منعقد ہونے والی یہ اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہے۔ یو ایم ٹی اپنے طلباء کو میعاری تعلیم مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کانفرنس جیسے کامیاب اور مفید پلیٹ فارمز بھی مہیا کرتی ہے تا کہ انکی گرومنگ ہو سکے۔ ڈی جی یو ایم ٹی نے کہا کہ نوجوان میڈیا کے طالب علموں کو اپنے اساتذہ سے بامقصد اور باکردار صحافت سیکھنی چاہئیے۔ سینئر صحافی سلمان غنی نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یو ایم ٹی کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ڈاکٹر حسن صہیب مراد شہید جیسے عظیم انسان نے یو ایم ٹی جیسا کامیاب ادارہ بنایا ہے جو حقیقی معنوں میں تعلیم کے فروغ کے ساتھ نوجوان طلباء کے اخلاق اور کردار کو سنوارنے میں بہت اہم کردار ادا کررہا ہے۔ اردو صحافت کا آزادی پاکستان میں جو اہم کردار ہے اسکو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے بھی اپنے کلیدی خطاب میں یو ایم ٹی کی انتظامیہ اور میڈیا ڈپارٹمنٹ کو پاکستان میں پہلی اردو صحافت پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو اخباروں نے آزادی کی لڑائیاں لڑی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نسل در نسل اردو صحافت نے لوگوں کی تربیت کی ہے اور ہمیں اردو صحافت کی اہمیت اور کردار کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ سابق سینیٹر جاوید جبار نے اردو زبان اور اردو صحافت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس طرح صحافیوں نے سختیاں اور مشکلیں برداشت کی ہیں اسکی مثال نہیں ملتی۔ ہمیں اس ترقی کے ساتھ اپنی قدروں کی بھی حفاظت کرنا ہوگی۔کانفرنس میں بین الاقوامی صحافیوں نے زوم کے ذریعے خطاب کیا اور صحافت کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ صحافت کسی بھی ملک کے معاشرے کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈی جی یو ایم ٹی عابد شیروانی نے ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا اور پروفیسر ڈاکٹر انجم ضیاء کے ہمراہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو سوینئر بھی پیش کیا۔