کراچی(نمائندہ خصوصی) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلسطین میں صہیونی غاصبانہ تسلط اور بربریت کے خلاف کراچی میں یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سائیکل ریلی میں شہریوں نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کرتے ہوئے شارع فیصل سے کراچی پریس کلب تک مارچ کیا۔ شرکاء نے سائیکل پر پاکستانی اور فلسطینی جھندے لگا رکھے تھے جبکہ فلسطینی ترانے بھی بجائے جا رہے تھے۔ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے نمائندوں بشمول فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، پی پی پی رہنما تاج حیدر،پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی محمد طارق حسن، جماعت اسلامی رہنما مسلم پرویز،پی پی پی رہنما ارشد نقوی، سہیل عابدی، سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یارخان، میجر (ر) قمر عباس،مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ احمد اقبال،علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری، پی ٹی آئی رہنما اسرار عباسی، شیعہ علماء کونسل کے علامہ ناظر عباس، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، پاکستان مسلم لیگ نواز کے قاضی زاہد حسین،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ عقیل انجم، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ثاقب نوشاہی، عامرخواجہ، پی پی آئی رہنما کامران بخاری، متحدہ علماٗ محاذ کے علامہ امین انصاری،معروف اسکالر مفتی فیروزالدین رحمانی،پائیلر کے چئیر مین کرامت علی، کشمیر رہنما بشیر سدوزئی، ہندو اسکالر منوج چوہان، سکھ برادری کے سردار مگن سنگھ، سردار ارجن سنگھ، سماجی رہنما نسرین میمن، کنول رباب، پی ٹی آئی کشمیر کی رہنما دعا ذبیر، ہیومن رائٹس کونسل کے صدر جمشید حسین،سماجی رہنما خالد راؤ، معروف نعت خواں معاذ نظامی چشتی،شاہ حسین رحمانی، معروف صحاٖفی احمد ملک سمیت پی پی پی رہنما سہیل عابدی،جے یو پی رہنما قاری عبد الوحید یونس، معروف کالم نگار بلال بشیر، ثقلین، ہما عباسی، ملک طاہر ایڈوکیٹ، زاہد علی ایڈوکیٹ سمیت دیگر نے شرکت کی۔یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ دنیا کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری انسانیت سے مربوط ہے۔ مقررین نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کو فراموش کریں اور اس کام کے لئے عرب دنیا کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات قائم کئے جا رہے ہیں لیکن امریکہ اور صہیونی طاقتوں کو یہ بات جان لینی چاہئیے کہ مسئلہ فلسطین پوری انسانیت کا مسئلہ ہے اور اسے کسی بھی سازش کے ذریعہ ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل یہ ہے کہ تمام فلسطینی اپنے وطن فلسطین واپس جائیں اور فلسطین پر قابض ہونے والے صہیونی اپنے وطن کو واپس جائیں۔مقررین نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے جبکہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستا ن کے عوام فلسطین کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر مقررین نے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن کے قیام اور سرگرمیوں کی قدر دانی کی اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔شرکائے ریلی نے فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے سائیکل مارچ میں شرکت کی۔