ہنگو (نمائندہ خصوصی ) ہنگو میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما صحافی کے سوال پر آپے سے باہر ہوگئے اور صحافی کو لاتیں مارد یں ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مارچ کےلئے گاڑیاں زیادہ منگوانے اور کارکنان کی کم تعداد لانے پر ایک صحافی نے تحریک انصاف کے ویلیج چیئرمین گل باغ محمد عارف اورکزئی سے سوال کیا کہ کیا آپ ناکام نہیں جا رہے، آپ کے ساتھ کتنے کارکن ہیں، اپنی گاڑیوں کو دیکھیں اور کارکنوں (کی تعداد) کو دیکھیں؟صحافی کے سوال کا جواب دینے کی بجائے پی ٹی آئی کے ویلیج چیئرمین نے صحافی کو زد و کوب کیا جس پھر وہاں موجود لوگوں نے صحافی کو بچا لیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما محمد عارف نے سوال پر صحافی کو لات بھی ماری۔متاثرہ صحافی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم این اے ندیم خیال سے کارکنوں کی تعداد کم ہونے پر سوال کیا تو ویلیج کونسل چیئرمین محمد عارف نے مجھے لات ماری، مجھ پر تشدد کیا گیا اور موبائل بھی توڑ دیا گیا۔مقامی صحافی نے کہا کہ ایم این اے کے سامنے مجھے گالیاں دی گئیں، واقعے پر تھانا سٹی میں درخواست دے دی ہے۔ہنگو میں صحافی ایثارالحق قاسمی پر حملے کے معاملے پر مقامی صحافیوں نے سرکاری اور ہر قسم رپورٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔خیبر پختونخواہ یونین آف جرنلسٹس نے ہنگو کی صحافی برادری کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخواہ اور وزیر اعلیٰ محمود خان سے نو ٹس لینے اور سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔