کراچی(نمائندہ خصوصی )سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک سے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے معاملات پر سندھ کے ساتھ ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔امتیاز شیخ نے مصدق ملک کو بھیجے گئے مراسلے میں لکھا کہ مطالبات کی تکمیل میں سندھ کے ساتھ ناانصافی تشویشناک ہے، صوبائی حکومت کی مشاورت سے ازسر نو گیس پالیسی بنائی جائے۔امتیاز شیخ نے مزید لکھا کہ ملک میں گیس کی پیداوار میں سندھ کا حصہ 62.30 فیصد ہے، وفاقی ریگولیٹری اداروں میں صوبے کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ صوبے میں بجلی کی پیداواری صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔امتیاز شیخ کے مراسلے کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر سے عوام کو مشکلات ہیں، صوبائی حکومت کے مطالبات کا فوری تدارک کیا جائے۔