مریدکے( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے واضح کیا ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور حکومت ہر صورت اپنی رٹ قائم کرے گی ، عمران خان ایک فتنہ بن کر ملک و قوم کا مزید نقصان کررہا ہے ۔انہوں نے حاجی یونس ٹرسٹ مریدکے کے سربراہ حاجی چوہدری ارشد ورک کے ہمراہ 54اجتماعی شادیوں کی تقریب میں خطاب کرتے کہا کہ 2018ءمیں ہمیں سازش کے تحت ہرایا گیا ،عمران خان نے پونے چار سال میں چالیس ارب روپے کا قرض لیا ہم نے اپنے دور میں صرف نو ارب روپے قرض لیا ،اب عمران خان ایک فتنہ بن کر ملک و قوم کا مزید نقصان کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی یہ بات سچ ثابت ہورہی ہے کہ وہ اقتدار کے ایوان کے باہر زیادہ خطرناک ہیں اس کے جلسے جلوسوں دھرنوں کی سیاست نے اس کے اقتدار سے زیادہ نقصان کیا ہے ،حکومت ہر صورت اپنی رٹ قائم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پونے چار سال میں دوست ممالک ناراض کئے سی پیک پر کام روک دیا تاریخی قرض لیکر لوٹ مار کا بازار گرم کیا ،سیاست اور معیشت کا جنازہ نکال دیا ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت مذاکرات کی بات کرتی ہے تو میں نہ مانوں کی بات کی جاتی ہے، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے اور اگلے الیکشن میں انشااللہ پی ٹی آئی کا نام بھی نہیں ہوگا ۔تقریب کے اختتام پر رانا تنویر نے دلہنوں کو ایک قرآن پاک اور طلائی انگوٹھی کے تحفے اور دعائیں دیں جبکہ شادیوں کا اہتمام کرنے پر حاجی یونس ٹرسٹ کے سربراہ حاجی چوہدری ارشد ورک کی تعریف کی۔