لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی روانگی سے قبل لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کی سینئر قیادت سے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی ، پارٹی رہنماﺅں نے دھرنا دینے کے فیصلے کا اختیار عمران خان کو دیدیا۔ ذرائع کے مطابق زمان پارک میں ہونے والی مشاورت میں پارٹی رہنماﺅں نے مطالبات کی منظوری تک عمران خان کو راولپنڈی میں دھرنا دینے کی تجویز دی تاہم اس کاحتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔مشاورت میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے فیصلوں کے مختلف پہلوﺅں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی رہنماﺅں نے عمران خان کو راولپنڈی میں دھرنا دینے کی تجویز دی اور کہا کہ مطالبات کی منظوری تک راولپنڈی میں دھرنا دیاجائے۔یہ تجویز دی گئی کہ دھرنے کی صورت میں ہر ڈویژن کے عہدیداران و کارکنان کو ذمہ داریاں دی جائیں۔ سینئر رہنماﺅں نے متفقہ طور پر دھرنے کے فیصلے کا اختیار پارٹی چیئرمین عمران خان کو دے دیا ۔