اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ میں 15 سے 16 ہزار لوگ شامل ہوئے۔ اسلام ا?باد میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پورے ملک سے آئے ، اگردھرنا دیتے تو مغرب کے بعد 5 سے 7 ہزار لوگ رہ جاتے، عوام نے عمران خان کے جلسے، لانگ مارچ کا بائیکاٹ کیا ۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ میں چند ہزار لوگ شامل ہوئے، عوام نے لانگ مارچ کا بائیکاٹ کر دیا ، لانگ مارچ شرکا کے اسلام آباد جانے سے روکنے کا پورا انتظام کیا ، وفاقی دارالحکومت میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو متحرک کر دیا گیا، سسٹم سے اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں سے نگرانی کی جاتی رہی ، کیمروں کے ذریعے نگرانی جاتی رہی ، مانٹرنگ روم میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات کئے گئے ، ہم نے ہر قسم کے انتظامات کئے ۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو ملا کر 26 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات رہی، اگر یہ ہمیں کہتے کہ اتنے ہی بندے لانے تھے تو سول میں 16 ہزار پولیس اہلکار بٹھا دیتے، محاذ آرائی کی سیاست سے عمران خان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، عمران خان اس پوزیشن میں نہیں کہ دھرنا دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں 7 سے 8 ہزار لوگ پہنچے ، اتنی ہی تعداد لوگوں کی ابھی راستے میں ہے، جتنی تعداد ہے میرا نہیں خیال یہ اسلام آباد کی طرف جائیں گے، اگر ایسا کریں گے تو ہمارا پورا انتظام ہے، پندرہ ہزار کے سمندر کی حفاظت کے لیے 26 ہزار اہلکار ڈیوٹی کر رہے ہیں۔