راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیش آپریشن میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس بیس آپریشن بی ایل اے کے دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا، تین دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز 30 ستمبر کو کوہلو بازار میں دھماکے کے بعد سے ان کے پیچھے تھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کوہلو بازار دھماکے میں دو راہگیر شہید اور 19 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ دہشت گرد علاقے میں اغوا، تاوان، بھتہ خوری میں ملوث تھے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھے، دہشت گرد بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز کو نشانہ بناتے تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اب کوہلو، اور میوند میں حملوں کی تیاری کررہے تھے۔