استنبول ( نیٹ نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان کے ہمراہ پی این ایس خیبر کا افتتاح کر دیا۔استنبول شپ یارڈ پر پی این ایس خیبر کی لانچنگ کی تقریب ہوئی اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے پی این ایس خیبر کا افتتاح کردیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کے ہمراہ جمعہ کو پاک بحریہ کیلئے چار ملجم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کیا جو پاک۔ترکیہ اسٹرٹیجک پارٹنرشپ میں اہم سنگ میل کا حامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں جو گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ مل کر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف صدر طیب اردگان کی دعوت پر ترکیہ کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔
استنبول شپ یارڈ میں پی این ایس خیبر لانچنگ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین بھی موجود تھے ۔تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، شپ یارڈ آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے گھر ترکیہ کا دوبارہ دورہ کرنے پر خوش ہوں، آج کا دن دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات میں عظیم دن ہے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی رشتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ترکیہ نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ صدر رجب طیب اردگان ایک دور اندیشن رہنما ہیں، ان کی قیادت میں ترکیہ جدید فلاحی ریاست بن چکا ہے، ترکیہ کے دور دراز علاقوں کو تمام بنیادی سہولیات میسر ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ امن سے رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو جنگ کیلئے بھی تیار رہنا ہو گا، آج دنیا کو متعدد تنازعات کا سامنا ہے، روس اور یوکرین کے درمیان گندم برآمد معاہدے میں ترکیہ کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک۔ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے، دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی توانائی کی قلت کا سامنا ہے، پاکستان قابل تجدید توانائی اور توانائی کے سستے ذرائع کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔وزیراعظم نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کو قابل تجدید توانائی کے ذرائع کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو گذشتہ دنوں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، ترکیہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، ترکیہ سے 15 طیارے امدادی سامان لے کر پہنچے، ماضی میں بھی ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی، پاکستان اور ترکیہ مل کر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے جہاز کی تیاری میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک۔ترکیہ ماہرین ملجم منصوبہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ ترکیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی، دوطرفہ دفاعی تعاون باہمی تعلقات کا اہم ستون ہے، پاکستان اور ترکیہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے متحد ہیں، دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی ملجم منصوبہ پاکستان-ترکیہ اسٹرٹیجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل پاک بحریہ کیلئے پہلے کارویٹ پی این ایس بابر کی لانچنگ تقریب اگست 2021ء میں استنبول میں منعقد ہوئی جبکہ دوسرے جہاز پی این ایس بدر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا۔