کراچی(کرائم رپورٹر )
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکار کو قتل کرکے بیرون ملک فرار ہونے والے ملزم نے واقعے کے روز کی مبینہ صورتحال کے حوالے سے ویڈیو بیان جاری کر دیا ہے۔بیان میں ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے جان بوجھ کر پولیس اہلکار کو قتل نہیں کیا بلکہ پولیس اہلکاروں کی مبینہ حرکات و سکنات سے مشکوک ہو کر اپنی جان بچانے کیلئے گولی چلائی ۔ملزم کے بیان کے مطابق پولیس اہلکار نے گاڑی میں بیٹھ کر اسے تھانے لے جانے کی بجائے کہیں اور چلنے کا کہا جس پر اسے اس کے پولیس اہلکار نہ ہونے کا شک ہوا۔
ملزم کے مطابق پولیس اہلکار نے گاڑی میں بیٹھ کر اس پر گولی چلائی تاہم گولی پستول سے نہیں نکل سکی جس کے بعد وہ بار بار ٹریگر کھینچ کر اسے گولی مارنے کی دھمکی دیتا رہا۔
ملزم نے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ اس نے اپنے برادر نسبتی کو حقیقت نہیں بتائی تھی بلکہ معمولی جھگڑے کا کہہ کر اس سے گھر سے دستاویزات منگوائی تھیں۔