کراچی(نمائندہ خصوصی) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن راولپنڈی سے قرآن کریم حفظ کیا۔جنرل عاصم کے والد حافظ قرآن اور سکول کے پرنسپل تھے جبکہ بھائی بھی حافظ قرآن ہیں، آپ کا تعلق معروف دینی اور علمی گھرانے سے ہے
فوج کے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن راولپنڈی سے قرآن کریم حفظ کیا، جنرل عاصم کے والد حافظ قرآن اور سکول کے پرنسپل تھے جبکہ بھائی بھی حافظ قرآن ہیں، آپ کا تعلق معروف دینی اور علمی گھرانے سے ہے۔ جیو نیوز کے مطابق پاک فوج کے نئے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیر کا راولپنڈی کے دینی اور علمی گھرانے سے تعلق ہے، آپ کے والد حافظ قرآن اور سکول کے پرنسپل تھے جبکہ بھائی بھی حافظ قرآن ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے خود بھی مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی سے قرآن کریم حفظ کیا۔ جنرل عاصم منیر کے والد راولپنڈی چھاؤنی کے طارق آباد اسکول کے پرنسپل تھے۔ جنرل عاصم منیر بھی اپنے والد کے علمی، عاجزی اور انکساری کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں۔جنرل عاصم منیر معروف مبلغِ قرآن حافظ قاری خلیل احمد مرحوم کے شاگرد ہیں۔مدرسہ دارالتجوید حفظ القرآن ڈی اے وی کالج روڈ راولپنڈی کے منتظمین ، اساتذہ اور طلبہ نے جنرل عاصم منیر کو پاک فوج کا آرمی چیف مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے، ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔واضح رہے وزارت دفاع نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں، جنرل سید عاصم منیر کی بطور آرمی چیف 3 سال تقرری کا جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی بھی 3 سال کیلئے تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سید عاصم منیر کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر سے ہوگا، جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی تین سال کیلئے کی گئی ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرز 27 نومبر کو کمانڈ سنبھالیں گے۔ وزارت دفاع کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف ریٹائرمنٹ کا اطلاق 29 نومبر سے ہوگا،جنرل ندیم رضا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ریٹائرمنٹ کی منظوری بھی دے دی گئی،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ریٹائرمنٹ کا اطلاق 27 نومبر سے ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ساحر شمشاد مرزا اور سید عاصم منیرکو فی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی۔
ایوان صدر کے مطابق جنرل سیدعاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2022 سے ہوگا۔ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت نے ساحر شمشاد مرزا کوفی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کردی۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اہم تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کردئیے جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہو گئے