اسلام آباد( عاشق پٹھان سے)پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن اور چائنہ میڈیا گروپ کے مشترکہ ریڈیو ایف ایم 98 دوستی چینل کے سبکدوش ہونیوالے ڈائریکٹر چَن شیانگ نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر حسن سے ان کے دفتر میں الوداعی ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کو چائنہ میڈیا گروپ اور ریڈیو پاکستان کے مابین جاری حالیہ تعاون اور مستقبل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ مستقبل میں دونوں اداروں کے درمیان خاص طور پر سوشل میڈیا کے میدان میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن چینی میڈیا کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے پروگرامز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مزید بہتری کی جانب گامزن کرنے میں دلچسپی رکھتا ہےملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ، فلم اور مختصر دورانیہ کی دستاویزی فلمز کے تبادلوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور اس حوالے سے چینی میڈیا کے ساتھ تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات میں ایف ایم 98 کی نئی ڈائریکٹر حُو پِنگ پِنگ نے بھی شرکت کی۔