اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پریڈ گراونڈ میں ہیلی کاپٹر لینڈ کرنے کے معاملے پر جی ایچ کیو نے خط لکھ دیا۔جی ایچ کیو نے اپنے خط میں تحریک انصاف کو آگاہ کردیا جس میں کہا گیا کہ پریڈ گراونڈ اسلام آباد انتظامیہ کی حدود ہے، ان سے اجازت طلب کی جائے۔خط میں کہا گیا کہ جی ایچ کیو کو پریڈ گراونڈ میں عمران خان کا ہیلی کاپٹر لینڈ ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔جی ایچ کیو کے خط کے ذریعے تحریک انصاف کو باضابطہ آگاہ کردیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے کہا کہ 26 تاریخ کو فیض آباد کے مقام پر اجتماع ہوگا، امت مسلمہ کے لیڈر کو گولیاں لگیں لیکن ایف آئی آر نہیں ہوئی۔علی نواز اعوان نے کہا کہ اب جی ایچ کیو نے پریڈ گراونڈ کی اجازت دے دی، جی ایچ کیو نے اجازت دے دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے منع کردیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اپنے الرٹس کے مطابق عمران خان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، عمران خان کی پ±رامن حقیقی آزادی مارچ میں بحفاظت شرکت کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال اہم ہے۔علی نواز اعوان نے کہا کہ جی ایچ کیو کے این او سی کے بعد ہیلی کاپٹر کی آمد و روانگی میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں، جی ایچ کیو کے مراسلے کے بعد وفاقی حکومت بہانہ سازی ترک کرے۔