کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محمد صدیق میمن اسکاٹس آڈیٹوریم کراچی میں آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا)کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت محنت کشوں اور محنت سے کام کرنے والوں کے حقوق کی نگہبان ہے اور محنت کشوں کے جائز مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کلرکوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے مسائل کا حل پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے اور یہ ہی ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن اور ہدایت بھی ہے اور سندھ حکومت کلرکوں اور دیگر تمام محنت کشوں کی خدمت اور مسائل حل کرے گی اور محنت کشوں کو کبھی مایوس نہیں کرے گی ۔ تقریب سے ایپکا کے مرکزی صدر خالد جاوید سنگھڑا، جنرل سیکریٹری اور نگزیب کشمیری اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔