کراچی (بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ملک کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا سدباب کرنے اور کرہِ ارض پر قدرتی ماحول کے تحفظ کے حوالے سے تمام اقوام کو سرحدوں سے باہر نکل کر سوچنے اور مل جل کر اقدام کرنا ناگذیر بن چکا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاﺅس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین و پاکستان کے وزیرِ خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیات کا عالمی دن ہر ملک سے لے کر ہر کمیونٹی اور فرد کے لیے ایک یاد دہانی ہے کہ اس کرہِ ارض اور اس پر موجود زندگی کو لاحق سنگین خطرے سے بچنے کے لیئے اب بھی وقت ہاتھ سے نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست شہری منصوبہ بندی، آلودگی کی روکتھام، شجر کاری کو فروغ اور قدرتی ماحول کا تحفظ ہی پائیدار ترقی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان بطور ایک ذمہ دار ملک ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان عوامی سطح پر ماحولیات کے متعلق شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی و معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، جو ماحولیات کے تحفظ کو نمایاں اہمیت دیتی ہیں۔ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے محدود وسائل کے ساتھ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا کسی بھی ترقی پذیر ملک کے لیئے خود ایک بہت بڑا چییلنج ہے۔ پی پی پی چیئرمین و ملک کے وزیرِ خارجہ نے زور دیا کہ آج کے دن پوری پاکستانی قوم یہ عہد کرے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کی روکتھام اور قدرتی ماحول کو بچانے کی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے اپنے پہاڑوں، دریاوں، جھیلوں، جھنگلات اور سمندر کی حفاظت کرے گی۔