لاہور(بیورو رپورٹ )
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اعلیٰ عسکری قیادت کی آئین، میرٹ اور سینیارٹی کے اصول پر متفقہ تقرریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں بے یقینی کی کیفیت ختم ہو گئی۔
منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اول روز سے یہ موقف ہے کہ اعلیٰ عسکری عہدوں پر تقرریاں صوابدید کے بجائے سینیارٹی اور قابلیت کی بنیاد پر ہونی چاہییں۔ انھوں نے کہا کہ 75سالہ تجربہ کے بعد حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے میرٹ پر متفقہ فیصلہ کر کے ہوش مندی، دانش مندی اور معاملہ فہمی کا مظاہرہ کر کے بے یقینی کی کیفیت کو ختم کیا ہے۔
سراج الحق نے امید ظاہر کی کہ نئی عسکری قیادت آئین کے اندر کام کرنے کے عزم کی پاسداری کرے گی اور سول سپریمیسی کو عملاً یقینی بنائے گی۔ انھوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متفقہ انتخابی اصلاحات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ڈائیلاگ کا آغاز کرے اور گول میز کانفرنس میں آئین، جمہوریت، شفاف انتخابات اور سول حکومت کے آزادانہ کردار پر سمجھوتے کی راہ ہموار کرے۔